لاہور میں بوندا باندی سے سردی میں اضافہ، مزید بارش کی پیشگوئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں بوندا باندی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق شہر لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، انار کلی، سمن آباد، چوک یتیم خانہ، اقبال ٹاؤن، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور چونگی امر سدھو میں بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔