محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ،محرم الحرام میں سیکیورٹی اور انتظامات کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا 

محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ،محرم الحرام میں سیکیورٹی اور انتظامات کی نگرانی ...
محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ،محرم الحرام میں سیکیورٹی اور انتظامات کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کے زیر صدارت محکمہ داخلہ میں محرم الحرام سیکیورٹی انتظامات کے جائزہ کیلئے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کو جاری کردہ ایس او پیز اور انتظامات بارے بریفننگ دی۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔  ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔ قانون کے بر خلاف لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی۔  خواتین کی مجالس کو خصوصی سیکیورٹی کور دیا جائے۔ اتحاد بین المسلمین اور امن کمیٹیاں صوبہ بھر میں متحرک کردار ادا کریں گی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام  میں سیکیورٹی کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے ممبران نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ حضرت داتا گنج بخشؒ اور بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ  کے عرس کیلئے بھرپور انتظامات کیے جائیں۔

 اجلاس کے دوران اٹک اور ڈی جی خان میں رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔

 اجلاس میں ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، سیکرٹری اوقاف سید طاہر بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان اور تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اسی طرح پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔