حکومت کا ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

حکومت کا ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ
حکومت کا ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف  ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں محسن نقوی نے  کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود پاکستان بھر میں ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے جامع پلان بھی طلب کرلیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری و نجی یونیورسٹیز،کالجز اور ہاسٹلز میں  منشیات خصوصا’’ آئس‘‘ کی خرید و فروخت روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے گی،اس ضمن میں صوبوں سے مشاورت کی جائے گی اور اعتماد میں لیا جائے گا ،وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں  منعقد ہو گا،صوبوں کے وزراء ایکسائز اور آئی جیز پولیس کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کے لیے بھی پلان طلب کرلیا گیا،وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف کو سائبر ڈرگ کنٹرول میکنزم تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات خصوصاً’’ آئس‘‘ کی لعنت نے کئی خاندان تباہ کر دئیے ،منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے،اپنے بچوں کیلئے سب نے پوری قوت اور پختہ عزم سے اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہے،  آج ہم نے اس لعنت کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈال دیا تو یہ بہت بڑا کار خیر ہو گا۔