بھائی جان کے خواب

 بھائی جان کے خواب
 بھائی جان کے خواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 مرحوم ایس ایم منیر پورے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے بھائی جان تھے۔ آج ان کے بڑے صاحبزادے ایس ایم تنویر کو پورے پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بھائی جان تسلیم کرلیا ہے۔ انہیں ملک بھرکی بزنس کمیونٹی نے ان کے والد کے یونائٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی) کا سرپرست اعلیٰ چن لیا ہے۔ یہ وہ لیگیسی ہے جو ایس ایم تنویر لے کر چلے ہیں اور انہوں نے اپنے والدمرحوم کے خوابوں کو اپنے خواب بنالیا ہے اور بزنس کمیونٹی کی خدمت میں جت گئے ہیں۔ مجھے گزشتہ روز پورا ایک دن ان کے ساتھ گزارنے کاموقع ملا تو احساس ہوا کہ وہ کتنی بڑی کمیونٹی کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 

میں ایف پی سی سی آئی پہنچا تو پتہ چلا کہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد وہاں کے صدر جناب ضیاء الحق (شیخ فیصل ایوب) کی قیادت میں انہیں مبارکباد دینے کے لئے پہنچنے والا ہے۔ کچھ ہی دیر میں وفد بھی آن پہنچا، گاڑیوں سے ایف پی سی سی آئی کی نئی عمارت کا پورچ بھر گیا اور اس میں سے بھاری بھرکم جثے ہنستے مسکراتے نکل نکل کر ایس ایم تنویر سے بغل گیر ہونے لگے، ہر کوئی ان سے ہاتھ ملانے اور معانقہ کرنے کو بے تاب نظر آیا۔ باقاعدہ نشست ہوئی تو ایس ایم تنویر نے ہاؤس اوپن کیا اور کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر کی بھرپور سپورٹ کے بغیر ان کا یونائٹڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی کا الیکشن نہیں جیت سکتا تھا۔ بلکہ انہوں نے وہ وقت یاد کیا جب وہ سید محسن نقوی کی نگران صوبائی حکومت میں نگران وزیر کے طور پر بزنس کمیونٹی کی خدمت پر مامور تھے اور ایک مرتبہ محسن نقوی کے ہمراہ گوجرانوالہ گئے تو دیکھا کہ پورا شہر ان کے اور محسن نقوی کی قد آدم تصاویر سے سجا ہوا ہے۔ ایس ایم تنویر کے بقول اس سے بھی بڑھ کر دلچسپ بات یہ تھی کہ جب انہوں نے پوچھا کہ یہ سب کس نے کیا تو کسی ایک نے آگے بڑھ کر کریڈٹ لینے کی بجائے کہا کہ یہ ہم سب کی آپ سے محبت کا اظہار ہے۔ یہ اسی محبت کا نتیجہ تھا کہ ایس ایم تنویر کی قیادت میں یونائٹڈ بزنس گروپ نے 113ووٹوں کی لیڈ سے فیڈریشن کا الیکشن جیتاہے۔ فیڈریش کی تاریخ میں یہ بھی پہلی مرتبہ ہوا کہ یونائٹڈ بزنس گروپ کو 110پینل ووٹ حاصل ہوئے۔

ایس ایم تنویر کی constituencyپورا پاکستان ہے اور وہ کوئٹہ سے لے کر باجوڑ ایجنسی تک ہر جگہ کا وزٹ کر رہے ہیں اور ہر جگہ بزنس کمیونٹی کے خیالات سن رہے ہیں۔ انہیں ہر جگہ سے ایک ہی آواز آرہی ہے کہ آئی پی پیز کے غیر مناسب معاہدوں نے ملک کا خون چوس لیا ہے۔Capacity paymentکے نام پر جو غبن کیا گیا ہے اس کا تقاضا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی ایس ایم تنویر سے درخواست کناں ہے کہ ملک کی جان چھڑوائیں اور حکومت کو مجبور کریں کہ وہ آئی پی پیز کے ہونے والے بے تکے معاہدوں کو فی الفور ختم کرے بلکہ بزنس کمیونٹی کا تو اصرار ہے کہ وہ اس بات کو حرز جاں بنالیں۔ ایس ایم تنویر نے انہیں بتایا کہ اسلام آباد چیمبر پہلے ہی اس حوالے سے ان کے وزٹ کے دوران ایک قرارداد پاس کر چکا ہے اور قرار دے چکا ہے کہ کک بیکس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور خدشہ ہے کہ اگر آئی پی پیز سے جان نہ چھڑوائی گئی تو ہماری آنے والی نسلیں بھی  برباد ہو جائیں گی۔ انہوں نے اپنے گوجرانوالہ چیمبر کے ساتھیوں کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے حکومت پر واضح کردیا ہے کہ بجلی کے مہنگے داموں کی وجہ سے وہ ملک بھر میں انڈسٹری کی بندش اور وسیع پیمانے پر بے روزگاری کا طوفان دیکھ رہے ہیں جس کا ایک ہی حل ہے کہ حکومت فی الفور آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے ختم کرے اور سستے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے اور خریدنے کو ترجیح دے کیونکہ 40آئی پی پیز کو 2کھرب سے زائد کی ادائیگی نے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ایف بی آر کی غنڈہ گردی علیحدہ سے بزنس کمیونٹی کے لئے دردسر بنی ہوئی ہے جس پر پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے۔

ایس ایم تنویر اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے انہوں نے ایک ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سیل بھی قائم کردیا ہے جو پورے ملک کے چیمبروں کو مختلف مسائل پر ریسرچ کرکے دے گاجسے میاں زاہد حسین لیڈ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریجنل چیئرمین اور وائس پریذیڈنٹ ذکی اعجاز صاحب کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ اکانومی پر کام شروع ہو گیا ہے۔ ایس ایم تنویر کا خواب ہے کہ وہ ملک بھر میں ضلعی سطح پر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقامی انتظامیہ کے ہر بورڈ میں بزنس کمیونٹی کی بھرپور نمائندگی ہو تاکہ وہاں کے کاروباری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اس سے آگے بڑھتے ہوئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے لئے حکومتی حلقوں میں لابنگ کے لئے ایک تھنک ٹینک کا قیام بھی عمل میں لائے ہیں جس میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی میں سے قابل اور فطین اذہان کو چن چن کر لایا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق نگران وزیر اعظم جناب انوارالحق کاکڑ نے اس تھنک ٹینک کی سربراہی قبول فرمالی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس فورم کو ایک انتہائی قیمتی آدمی میسر آگیا ہے جو پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو پاکستان سے پانامہ تک ہر جگہ بہترین انداز میں اجاگر کر سکتے ہیں۔ 

یقینی طور پر ایس ایم تنویر کے پاس بزنس کمیونٹی کی خدمت کے دیگر بہت سے پروگرام بھی ہوں گے جن کا احاطہ اتنی کم جگہ میں کرنا ممکن نہ ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ وہ اپنے والد ایس ایم منیر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو اپنے مسائل بنا کر حل کرنے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ بھائی جان (ایس ایم منیر) بھلے اس دنیا سے چلے گئے مگر ایس ایم تنویر کی شکل میں ان کے خواب آج بھی زندہ ہیں!

مزید :

رائے -کالم -