سموگ کے باعث متعدد شہروں میں سکول 17 نومبر تک بند کردیئے گئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب میں بڑھتی سموگ کی وجہ سے سرکاری و نجی دفاتر کا نصف عملہ ورک فرام ہوم کرے گا جب کہ کئی شہروں میں سکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبے میں سموگ اورفضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ سےلاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد،گوجرانوالہ،ملتان، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، خانیوال میں ہایئرسکینڈری سکول 17 نومبر تک بند کر دیئے گئے۔ اسی طرح سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کرے گا جب کہ سرکاری میٹنگز بھی آن لائن ہوں گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ دیگر اضلاع میں ہائرسکینڈری سطح تک کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا تعلیمی ادارے بچوں کیلئے آن لائن سٹڈی کا انتظام کریں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیاتِ جلانے سے سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پلاسٹک بیگ پر پابندی ہے مگر خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ پرائمری سطح تک بچوں کو اسکولوں میں چھٹیاں دیں لیکن والدین بچوں کو لے کر شاپنگ مالزاور تفریح گاہوں میں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیاہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی ریاست راجستھان اور دیگر اضلاع سے آنے والی ہواؤں نے ملتان اور گوجرانوالہ کو متاثر کیا ہے۔ لاہور میں آج ایئرکوالٹی انڈکس ایک ہزار سے اوپر ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 10 روز تک سموگ کی شدت رہے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کریگا۔ تمام سرکاری میٹنگز اب زوم پر ہوں گی۔سموگ کے تدارک کیلئے تمام محکموں کو اہداف دے دیئے گئے ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے آفس میں سموگ وار روم قائم کیا گیا ہے جہاں فضائی آلودگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز شریف نے گزشتہ برس گلے کی سرجری کروائی تھی تاہم 6 ماہ قبل دوبارہ انفیکشن پیدا ہوا، وہ آج جنیوا پہنچیں گی، جہاں ان کے معالج علاج کریں گے اور پھر 12 نومبر کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف واپس پاکستان آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے طبیعت کی خرابی کے باوجود پنجاب کے عوام کی خدمت جاری رکھی۔ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ سموگ کی وجہ سے لندن گئی ہیں۔