جمہوریت پرشب خون مارا گیا تو ملک کے دن بھی گنے چنے ہی ہوں گے :نوازشریف
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ الیکشن وقت پر ہپونگے کیونکہ جمہوریت ہی ملک کی بقا کا واحد حل ہے لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو پاکستان کے دن گنے چنے ہی ہوں گے۔ لشکری رئسانی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے زخم تازہ تھے کہ کراچی کو خون میں نہلا دیا گیا لیکن حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگی،کراچی میں معصوم جانوں کا قتل معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔پانچ سال حکومت کرنے والوں نے ملک کو پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔آج ہم آمروں کی بوئی فصل کاٹ رہے ہیں،لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔وزیر داخلہ کو دہشت گردی کی اطلاع تھی تو حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کیے ۔کراچی میں 100،100افراد کو قتل کرنے والوں کو پکڑنا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ شاہ زیب کے قاتل پکڑنے کے لیے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑتا ہے۔سندھ ،بلوچستان میں میرٹ کا نام و نشان نہیں صرف پیسہ چلتا ہے ۔کراچی میں کچھ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں۔حکمرانوں کی رٹ ختم ہو چکی ہے ۔