چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے کے بعد کیوی کپتان کی گفتگو

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی اور چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سینٹنر نے کہا یہ ایک شاندار احساس ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ گئے، ہمیں ایک اچھی ٹیم کے خلاف چیلنج کا سامنا تھا۔ بھارت کے خلاف ہم پہلے بھی کھیل چکے ہیں اور دوبارہ ان سے مقابلے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ راچن اور کین ولیمسن نے جو پلیٹ فارم فراہم کیا، اور ڈیتھ اوورز کے لیے جو بنیاد رکھی، وہ بہترین تھی۔ آخر میں فنشرز نے اپنا کام بخوبی انجام دیا۔ بولرز کا مقصد مسلسل وکٹیں حاصل کرتے رہنا تھا، اور ذاتی طور پر تین اہم وکٹیں لینا خوش آئند رہا۔سینٹنر نے ٹیم میں اسپن آل راؤنڈرز کی موجودگی کو ٹیم کی کامیابی کا راز قرار دیا اور کہا ہمارے پاس چار آل راؤنڈرز ہیں جو اسپن بولنگ کرتے ہیں، جس سے ٹیم کی گہرائی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا دبئی میں بھارت کو دباؤ میں لانے سے ہمیں اعتماد ملا۔ ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ کیا کام آتا ہے اور کیا نہیں۔ شاید ٹاس نہ جیتنا ہی اچھا ہو۔