" کپتان تیرا شکریہ"

" کپتان تیرا شکریہ"

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راجے... یہ تم سارا علاقہ دیکھ رہے ہو، یہ سامنے والا گراؤنڈ، یہ والا گراسی پلاٹ، اس کی حالت کتنی بگڑی ہوئی ہے، میں شہباز شریف دور میں بھی یہاں آیا ہوں، کیا خوبصورت منظر ہوتا تھا، لائٹنگ، گھاس کی صفائی، ہر چیز شاندار تھی، پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے میرے بڑے بھائی نے ضلعی ہسپتال وہاڑی کے ایمرجنسی وارڈ کی کھڑکی سے باہر کا منظر دکھاتے ہوئے بتایا...
چھوٹے بھائی رانا شفقت رسول کے آپریشن کے باعث ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال کا رخ کرنا پڑا، میری تجویز یہ تھی کہ پرائیویٹ آپریشن کروالیا جائے کہ سرکاری میں مریض کو وہ توجہ نہیں ملتی، والد صاحب مگر بضد تھے کہ ایک تو یہ سب سے بڑا ہسپتال ہے، دوسرا مریضوں کی دیکھ بھال زیادہ ہوتی ہے، والد بزرگوار چونکہ ن لیگی ہیں تو انہیں یہی امید تھی کہ شاید شہباز شریف نے ہسپتالوں کا جو نظام قائم کیا تھا وہ اب بھی برقرار ہے لیکن وہ یہ بھول گئے تھے کہ اب ایماندار حکمران آگئے ہیں، ایسے ایماندار جو نہ کھاتے ہیں اور نہ ہی لگاتے ہیں...
بڑے بھائی کے مطابق شہباز شریف دور میں ہسپتال کے بیت الخلا میں تولیے، ہینڈ واش اور ڈرائیر لگے ہوئے تھے مگر اب پاکستانیوں نے ہینڈ واش والی مشینیں تو ویسے ہی اتار لی ہیں، ڈرائیر ایک آدھ لگا نظر آتا ہے، نظام اتنا شاندار تھا کہ ایم ایس گلے میں سٹیتھو سکوپ پہن کر ایک ٹانگ پر کھڑا ہوتا تھا، دوائیوں کی فراوانی تھی، اب یہاں ایمرجنسی میں انجکشن بھی نہیں ہے، آپریشن کے بعد صرف برنولا سرکاری کھاتے سے دستیاب ہوا ہے...
ایماندار حکومت کے شاندار کارناموں کا ذاتی تجربہ ہوا تو ذہن ماضی میں چلا گیا، یہ 2016 کا قصہ ہے، ہماری ایک چھوٹی بچی کو ڈینگی ہوگیا، شادی کے ہنگام اسے عباسی شہید ہسپتال لے کر گئے تو وہاں مریض کو ایک پیناڈول بھی مہیا نہیں کی گئی، یہ حال دیکھا تو شہباز شریف فرشتہ لگنے لگا، خدا کا شکر ادا کیا کہ پنجاب میں حالات اتنے بھی خراب نہیں ہیں...
عمران خان نے کہا تھا کہ وہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتال کا فرق ختم کرنا چاہتے ہیں، ذاتی تجربہ ہوا تو دل سے یہی آواز آئی ' ایک اور وعدہ پورا کرنے والے کپتان، تیرا شکریہ'
 .

 نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔

.

اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیساتھ بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’dailypak1k@gmail.com‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔

مزید :

بلاگ -