ذہنی مریض ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،صمصا م بخاری

ذہنی مریض ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،صمصا م بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر جنگلی حیات وماہی پروری سید صمصام علی بخاری نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں برڈ آئیوری کے افتتاح کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صمصام علی بخاری نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض کے مریض ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ذہنی امراض سے متاثرہ مریضوں پر خصوصی توجہ سے ان کو معاشرے کے کارآمد شہر ی بننے میں مدد ملتی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ فلاح عامہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا دین و دنیا کی فلاح کا ضامن ہے اور صاحب حیثیت لوگوں کو کار خیر میں ضرور حصہ ڈالنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے گیم وارڈن محکمہ وائلڈ لائف پنجاب بدر منیرکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

 جنہوں نے اپنے ذاتی خرچ سے Bird Aviary تعمیر کروائی۔بعدازاں صوبائی وزیر نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور ہسپتال میں پودا لگایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگلات کی کمی سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہورہے ہیں، جس کا سدباب کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگلات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بلین ٹری سونامی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر درخت لگا دیئے ہیں۔ بعدازاں صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری نے مینٹل ہسپتال میں خطاطی کے نمونوں کے مقابلے کا افتتاح کیا۔ خطاطی کے یہ نمونے مینٹل ہسپتال کے مریضوں نے تیار کیے تھے۔ صوبائی وزیر نے مریضوں کی اس کاوش کو خوب سراہا۔ تقریب میں گیم وارڈن پنجاب بدر منیر،ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف طاہر رضا ہمدانی، ایگزیکٹوڈائریکٹر PIMH ڈاکٹر محمد اشرف اور سابق پرنسپل سروسز ہسپتال انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر ایاز محمود نے شرکت کی۔