ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، انکا احترام کرتے ہیں،ڈی چوک میں احتجاج ہمارا حق ہے: بیرسٹر سیف
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ڈی چوک پہنچیں گے، محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔ ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے۔
"جیو نیوز" کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا پر امن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، ہمارا ان سے جھگڑا نہیں، انکا احترام کرتے ہیں۔ ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے جو ہمارا حق ہے، فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لیے نہیں آ رہی، ایس سی او کی سیکیورٹی کے لیے آ رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے۔ محسن نقوی غلط بات کر رہے ہیں، ہمیں ملک کی پرواہ ہے، آرٹیکل 17 اور 15 موجود ہے تو ہمیں احتجاج کی آزادی ہے۔