سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی
کراچی (آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے مہنگائی کے معاملے پر احتجاج میں قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف نازیبا تقریر کے الزام میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
سندھ ہائیکورٹ میں مہنگائی کے معاملے پر احتجاج میں قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف نازیبا تقریر کے الزام میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر کی حفاظتی ضمانت پر سماعت ہوئی۔وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار باقاعدگی سے متعلقہ عدالت میں پیش ہوتا رہا ہے، گزشتہ سماعت پر ایک ہی روز میں دو عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم ہوا تھا جس کی وجہ سے راجہ اظہر ایک عدالت میں پیش نہیں ہوسکے اور درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور اس مقدمے میں گرفتاری کا اندیشہ ہے لہذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔عدالت عالیہ نے راجہ اظہر کی 7 یوم کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔