ویلڈن ۔۔ شاباش۔۔قوم کو آپ پر فخر ہے۔۔وزیرداخلہ محسن نقوی پولیس اور ایف سی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے ڈی چوک پہنچ گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی الصبح پولیس اور ایف سی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے ڈی چوک پہنچ گئے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔وزیرداخلہ نے خواتین پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور محنت سے فرض کی بجاآوری پر ان کی تحسین کی ،وزیرداخلہ نے جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تعریف کی اور کہا کہ ویلڈن ۔۔ شاباش۔۔قوم کو آپ پر فخر ہے،اسلام آباد پولیس اور ایف سی جوانوں کا مورال بہت بلند ہے۔ اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں۔فرائض سرانجام دینے والے تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں،قانون کے رکھوالوں نے قانون کی عملداری یقینی بنائی ہے ۔ آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آپ فرض شناسی سے قومی فریضہ نبھا رہے ہیں۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔
آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔