پی ٹی آئی کے ڈی این اے میں ملک مخالف جراثیم دوڑتے ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ڈی این اے میں پاکستان مخالف جراثیم دوڑتے ہیں۔ بیرسٹر سیف کا بھارتی وزیر خارجہ کو ریاست مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت دینا ملک دشمنی کی آخری حد ہے۔ دیکھتے ہیں کہ یہ لوگ اسرائیلی مددگاروں کو احتجاج میں شرکت کےلیے کب بلاتے ہیں۔فتنہ خان کے لیے اسرائیلی، افغانی اور بھارتی لابیاں مرے جا رہی ہیں۔ ان لوگوں میں ملکی وقار،ملکی سالمیت اور خود مختاری جیسی سوچ دور دور تک موجود نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نےکہا کہ یہ اپنے عزائم سے ثابت کرتے ہیں کہ انکا مشن ملکی جڑوں کو کھوکھلا کرنا ہے۔ فتنہ پارٹی کے ریاست مخالف احتجاج میں افغان شہریوں کی شرکت کئی سوالات کھڑے کر رہی ہے۔ اسلام آباد سے بڑی تعداد میں فتنہ پارٹی کے احتجاج میں شریک افغان شہریوں کی گرفتاری ان کے عزائم بے نقاب کرتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے قسم کھائی ہے پاکستان میں امن اور خوشحالی قائم نہیں رہنے دینی۔پنجاب کے عوام باشعور اور عقلمند ہیں اسی لیے پنجاب کے لوگوں نے اڈیالہ جیل کے قیدی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کے حالات قابل رحم ہیں ان کے لئے دعا گو ہیں کہ وہ بھی جلد اس فتنے کی حقیقت کو پہچان لیں۔