پاکستان جاپان کے درمیان معاشی تعلقات مثالی ہیں، لاہور چیمبر
لاہور(این این آئی) جاپان کے ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفدنے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر دوطرفہ تجارتی ومعاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور وفد کے سربراہ ہیڈیو ہویرگوچی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے پاکستان کی صنعتی اور تکنیکی ترقی میں جاپان کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ جاپان ہمیشہ پاکستان کے لیے ایک کلیدی شراکت دار رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان کل دو طرفہ تجارت 1.19 ارب ڈالر ہے۔ پاکستان کی جاپان کو برآمدات، جو بنیادی طور پر ٹیکسٹائل پر مشتمل ہیں، تقریباً 183 ملین ڈالر ہیں، جبکہ جاپان سے درآمدات،جن میں موٹر گاڑیاں، لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات اور جراحی کے آلات شامل ہیں، کا حجم تقریبا1 ارب ڈالر ہے۔ ظفر محمود چوہدری نے کہا کہ جاپان کی وسیع درآمدات اور برآمدات کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو کم از کم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کافی گنجائش ہے۔ وفد، جس میں کیمیکل پلانٹس، کھاد، پٹرول، گیس ٹربائنز، موٹر سائیکلز اور دیگر شعبوں کے نمائندے شامل ہیں، کا دورہ دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔ انہوں نے وفد کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی وفود اور سرمایہ کاروں کو مختلف سہولتیں اور مراعات فراہم کررہا ہے۔ خصوصی اقتصادی زون ٹیکس استثنی، مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد اور دیگر فوائد نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ بنادیا ہے۔ وفد کے سربراہ ہیڈیو ہویرگوچی نے کہا کہ دونوں ممالک کے بہت سے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کے جذبے کی تعریف کی۔
انہوں نے بتایا کہ جاپانی وفد متعلقہ شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرنے کے لیے پرجوش ہے اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں فراہم کردہ سہولتوں اور مراعات پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے سہولیات فراہم کررہی ہے۔