وہاڑی روڈ کی حالتِ زار
وہاڑی روڈ کئی دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے جان لیوا حادثات کی شرح میں اضافہ ہو چکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں 17 سو سے زائد حادثات ہوئے جس میں 16 سو سے زائد مسافر زخمی و متعدد جان کی بازی ہار گئے۔ اجناس اور روزمرہ کی سپلائی میں بھی کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،غیر مناسب اور خراب ٹرانسپورٹ بھی مسائل میں اضافے کا باعث ہے۔ دہلی اور ملتان کی تاریخی جی ٹی روڈ پنجاب میں قومی اسمبلی کے سات حلقوں سے گزرتی ہے تاہم اِس کے باوجود اِس کی تعمیر و مرمت پر توجہ نہیں دی جارہی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ وہاڑی روڈ کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لے کر جلد از جلد اِس کی تعمیر و مرمت کرائے تاکہ نہ صرف حادثات سے بچا جا سکے بلکہ ٹرانسپورٹ کے نقصان سے بھی بچا جا سکے۔