پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2024 ، منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2024 ، منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا گیا ۔ چئیر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے بل ڈی جی پارلیمنٹری افیئرز اینڈ ریسرچ خالد محمود کے دفتر میں جمع کروایا . انکا کہنا تھا کہ یہ بل اینشیٹو فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تعاون سے بنایا گیا ہے اور بل کا مقصد تیزاب گردی کے سدباب کیلئے تیزاب کی خریدوفروخت کو منظم کرنا ہے۔ اس بل کی تیاری چئیر پرسن پی ڈبلیو پی اے کی باضابطہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
حنا پرویز بٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم ملکر خواتین کےلیے ایک محفوظ معاشرہ بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ بل کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ منظوری کے بعد یہ بل فوری طور پر پورے پنجاب میں نافذ العمل ہوگا۔ بل کے تحت تیزاب کے کسی بھی بیوپاری کو لائسسنگ اتھارٹی سے اجازت نامہ لینا ہوگا۔ بل کے تحت متعلقہ ضلع کا ڈی سی لائسنسگ اتھارٹی ہوگا۔ لائسنسگ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ کی معیاد دو سال ہوگی اور مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد لائسنس کی تجدید کروانا ہوگی۔
چئیر پرسن پی ڈبلیو پی اے کا کہنا تھا کہ کسی بھی قانونی خلاف ورزی کی صورت میں مجاز اتھارٹی لائسنس کو منسوخ کرسکتی ہے۔ اس قانون کے نفاذ کے 120 دن کے اندر لائسنس نہ لینے والوں کو بھاری جرمانہ اور سزا ہوگی۔ مزید برآں بل کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد پر تیزاب کی خریدوفروخت پر پابندی ہوگی۔