طالبہ تقریر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی، ویڈیو وائرل ہوگئی

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر دھارشیو میں ایک 20 سالہ کالج طالبہ دورانِ تقریر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی۔ واقعہ مہارشی گرووریا آر جی شندے مہا ودیالیہ، تعلقہ پرندا میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ ویڈیو میں ورشا کھرات نامی طالبہ کو مراٹھی زبان میں تقریر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ اور سامعین ہنسنے لگتے ہیں، لیکن پھر اچانک اس کی آواز دھیمی پڑ جاتی ہے اور وہ سٹیج پر گر جاتی ہے۔ اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اسی طرح کے واقعات دیگر علاقوں سے بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اتر پردیش کے بریلی میں شادی کی 25ویں سالگرہ کی تقریب میں رقص کے دوران ایک 50 سالہ تاجر وسیم سرور کو دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مدھیہ پردیش کے اشوک نگر میں ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو گاڑی چلاتے ہوئے دل کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوشی کی حالت میں گاڑی میں ملا۔