انٹرنیٹ کی سست روی کاروبار کیلئے زہر قاتل

   انٹرنیٹ کی سست روی کاروبار کیلئے زہر قاتل
   انٹرنیٹ کی سست روی کاروبار کیلئے زہر قاتل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گزشتہ پندرہ دن سے پاکستان کی تمام انٹرنیٹ سروس پرووائیڈنگ کمپنیوں کی سروس انتہائی سست روی کا شکار ہے پاکستان میں موجود تمام کمپنیاں پہلے ہی بڑی خوبصورتی سے ٹیکنیکل فراڈ کر رہی ہیں اگر آپ دنیا کے کسی بھی ملک میں جائیں وہاں پر انٹرنیٹ کی تھری جی یا فور جی سپیڈ آپ کو بتائے گی کہ پاکستان میں کس طرح کمپنیاں ٹو جی کو تھری جی اور تھری جی کو فور جی کر کے فروخت کر رہی ہیں چونکہ ہماری حکومت کے پاس  انٹرنیٹ ٹریفک کو جانچنے کا کوئی طریقہ کار اور ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے جس کا فائدہ تمام موبائل اور انٹرنیٹ کمپنیاں اٹھا رہی ہیں ویسے بھی انٹرنیٹ کی اچھی یا بری سپیڈ پر ایکشن لینے کا ہماری حکومت کا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے،حالانکہ جب قوم کا کروڑوں روپیہ خرچ کر کے فائر وال سسٹم خرید بھی لیا گیا اور اس کی تنصیب بھی ہو گئی تو اس کے بعد حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی رفتار کو کم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے حالانکہ جس قدر انٹرنیٹ تیز چلے گا ریاست اور حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد حکومتی گھیرے میں آئے گی میرا نہیں خیال کہ حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ کی رفتار کم کرنے سے تحریک انصاف کے ریاست مخالف ایجنڈے کو کوئی فرق پڑا ہوگا۔جب سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوئی آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کی بڑی تعداد ذہنی کوفت کا شکار ہوچکی ہے کیونکہ وہ کوئی چیز نہ فروخت کر پا رہے ہیں اور نہ ہی آرڈر وصول کر سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی پیمنٹ ٹرانسفر کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے ایک اندازے کے مطابق صرف آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کو روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

پاکستان سے پاکستان،یورپ،امریکہ، برطانیہ،ترکی اور بہت سے ممالک میں ہمارے نوجوان آن لائن کلاسز پڑھاتے ہیں جن میں زیادہ تعداد میں افراد مختلف یونیورسٹیوں میں ماہانہ تنخواہ پر کام کر رہے ہیں جن کی تنخواہیں ان کے لیکچرز کی تعداد پر بنتی ہیں اور اس صورتحال میں نہ صرف انہیں مالی نقصان کا اندیشہ ہے بلکہ ان کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں ہمیں ان افراد کا خصوصی طور پر خیال کرنا ہوگا کیونکہ ان کی تنخواہیں ماہانہ اور ہفتہ وار پاکستان کے زر مبادلہ میں اضافہ کا سبب بنتی ہیں۔

ہمارے بہت سے ٹیکنیکل افراد اور ادارے پاکستان سے پاکستان اور باہر کے ممالک میں آن لائن ٹریننگ دے رہے ہیں ان میں سے بہت سی ٹریننگ ایسی ہیں جن کا تسلسل برقرار رہنا از حد ضروری ہے لیکن گزشتہ پندرہ دنوں سے وہ افراد بھی کورسز جاری نہیں رکھ پا رہے اگر اس مسئلے کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو یہ بڑے نقصان کا باعث بنے گا۔ملکی اور بہت سی غیر ملکی مارکیٹنگ ایجنسیز نے پاکستان میں مختلف سافٹ ویئر ہاؤسز سے معاہدوں کے تحت سروسز ہائر کی ہوئی ہیں ان غیر ملکی کمپنیوں  کو کوئی سروکار نہیں کہ تحریک انصاف کی طرف سے پھیلائی جانے والی بدنظمی کا انجام کیا ہوگا اگر انٹرنیٹ سروسز فوری طور پر بحال نہیں کی جاتیں  تو خدشہ ہے کہ بہت سی انٹرنیشنل کمپنیاں اپنے معاہدے ختم کر کے ہندوستان کا رخ کر لیں گی انٹرنیٹ کی سست روی کی وجہ سے بینکنگ سسٹم بھی متاثر ہے امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار بڑی مشکلات برداشت کرنے کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوا ہے لیکن انٹرنیٹ کی سست روی  انہیں دوبارہ سے مشکلات کی طرف لے جا رہی ہے بہت سی  سیکیورٹی کمپنیوں کا دارومدار بھی انٹرنیٹ پر ہے انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ سے اندیشہ ہے کہ مختلف قسم کے جرائم جن پر قابو پایا جا چکا ہے دوبارہ سے سر اٹھا لیں گے۔

ویسے بھی ہمارے ملک میں موجود موبائل کمپنیاں عوام کو جس دلیری کے ساتھ لوٹ رہی ہیں ابھی تک حکومتی ریڈار میں نہیں آئیں حکومت کے پاس ایسی کوئی ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے جو ان کی ڈیٹا ٹریفک کو مانیٹر کر سکے اس لیے یہ تمام کمپنیاں اربوں روپے روزانہ کما کر حسب توفیق حصہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو ادا کر دیتی ہیں حکومت کو چاہیے کہ جلد از جلد چین یا کسی بھی ملک سے یہ ٹیکنالوجی حاصل  کر لیں ان موبائل کمپنیوں نے حکومت پاکستان سے معاہدے کرتے وقت یہ طے کیا تھا کہ پاکستانی عوام کو سستی اور بہترین سروسز دیں گے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں موجود تمام نیٹ ورکس میں کوئی ایک بھی ایسا نہیں، جس کے انٹرنیٹ کے بینڈز پورے ہوں یا کال کوالٹی کو بہترین قرار دیا جا سکے پاکستان چونکہ اب نئے کاروباری دور میں داخل ہو رہا ہے بہت سے ممالک سے بڑے بڑے کاروباری افراد اور ادارے پاکستان آ رہے ہیں انہیں تمام سہولتوں کے ساتھ بہترین انٹرنیٹ اور کالنگ سسٹم کی بھی ضرورت ہوگی اس لیے وزیر کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی سے گزارش ہے کہ ان موبائل کمپنیوں کا بھی آڈٹ نکالیں اور انہیں وارننگ جاری فرمائیں تاکہ پاکستانی عوام جو اربوں روپے روزانہ ان کمپنیوں کو ادا کر رہے ہیں انہیں بہترین  سروسز مل سکیں۔

٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -کالم -