عمران خان نے 13 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کردیا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی کے حالیہ جلسے کے دوران مارے گئے ”شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے“ کے لیے 13 دسمبر کو پشاور میں ”عظیم الشان اجتماع“ کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد میں پارٹی کی ’فائنل کال‘ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فائرنگ کے نتیجے میں پارٹی کے کم از کم 12 کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔ حکومت نے بار بار ان الزامات کی تردید کی ہے۔
آج نیوز کے مطابق ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے اپنے تازہ ترین پیغام میں عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ پارٹی کے کارکن ”ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں“ مارے گئے، انہوں نے مزید کہا کہ ”ملک میں آمریت قائم ہو چکی ہے“۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں کارکن لاپتا ہیں، سپریم کورٹ کو اب اس کا نوٹس لینا چاہیے اور اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالتوں کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور ملک اس نہج پر پہنچ گیا ہے۔ عمران کے تازہ پیغام میں نہ صرف جلسے کا اعلان کیا گیا بلکہ عمر ایوب خان، علی امین گنڈا پور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر پر مشتمل پانچ رکنی مذاکراتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔