کامیڈی کے بادشاہ امان اللہ خان اپنے مداحوں کو رلا گئے

کامیڈی کے بادشاہ امان اللہ خان اپنے مداحوں کو رلا گئے
کامیڈی کے بادشاہ امان اللہ خان اپنے مداحوں کو رلا گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا بڑا نام، کامیڈی کی دنیا کے شہنشاہ اور تھیٹر کے بادشاہ امان اللہ 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون .
امان اللہ لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں طویل عرصہ سے زیر علاج تھے، وہ گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔سینئر اداکار سہیل احمد کے مطابق ا مان اللہ کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
امان اللہ نے  اسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں ، فلموں اور نیوز چینلز پر چلنے والے مزاحیہ پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا لوہا منوایا، وہ دوران علالت بھی پھلجھڑیاں چھوڑ کر اپنی شگفتہ مزاجی کا ثبوت دیتے رہے۔
امان اللہ خان کے انتقال پر ملک کی تمام سیاسی ، سماجی اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کااظہارکیاہے ہے۔

 نامور اسٹینڈ اپ کامیڈین کے چاہنے والوں میں صرف عوام ہی نہیں بڑے بڑے اداکار اور فنکار ان کی صلاحیتوں کے گن گاتے ہیں۔ امان اللہ خان مسلسل 860 ڈے اینڈ نائٹ تھیٹر ڈراموں  میں کام کرنے کا منفرد عالمی اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 
تھیٹر کے ساتھ ساتھ امان اللہ ٹی وی شوز میں بھی جان ڈالتے رہے۔ انہوں نے بدلتے وقت کے تقاضوں کو نہ صرف سمجھا بلکہ ان میں ایسا رنگ بھرا کہ سب دنگ رہ گئے، دو ہزار دس میں وہ جیونیوز کے کے پروگرام خبرناک سے وابستہ ہوئے اور مزاح کو ایک نئی جہت عطا کی۔  انہوں نے  دنیا نیوز کے پروگرام 'مذاق رات' میں چاچا بشیر کا شاندار کردار نبھاکر خوشیاں پھیلائیں۔ اس کے علاوہ وہ آپ نیوز اور نیو نیوز پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔ نہ صرف پاکستان بلکہ کئی بھارتی پروگرامز میں بھی شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

امان اللہ کے فلمی کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے دوفلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں 2006میں آنے والی ون ٹو کا ون اور 2014میں ریلیز ہونے والی نامعلوم افراد شامل ہیں۔

امان اللہ جنوری 2018 سےلاہور کے ایک نجی ہسپتال میں  زیر علاج تھے۔ انہیں 2018میں پرائڈ آف پرفارمنس کا صدارتی ایوارڈ بھی دیاجاچکا ہے۔