پی ٹی آئی رہنماؤں کےفارم 45میں تبدیلیوں کے الزامات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے الیکشن کے بعد کوشش ہوتی ہے ماضی کو بھول کر آگے بڑھا جائے،لیکن اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہو تو آگے بڑھنا مشکل ہوتا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ فارم 45 کے مطابق ہم نے کل 180نشستیں جیتی تھیں،110 نشستیں ہم پنجاب سے جیتے تھے،پورے ملک میں ووٹر ٹرن آؤٹ 40 فیصد تک رہا ، لیکن کچھ جگہوں پر ووٹر ٹرن آؤٹ بڑھا کر 100 فیصد سے بھی زیادہ کردیا گیا۔
تیمور سلیم جھگڑا بولے ہم ایک ایک سیٹ پر نظر رکھے ہوئے تھے،جو تھوڑا بہت شک تھا کہ الیکشن کمیشن نے فارم 45 اپلوڈ کرکےدور کردیا ،پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف اور یاسمین راشد کے حلقے کے فارم 45 پروجیکٹر پر چلا ئےگئے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا مزید کہنا تھا کہ قیصرہ الہٰی کی سیٹ پرجمیز بونڈ کا نمبر بنا کر رزلٹ میں فارم 45 پر 007 ووٹ بنادیے گئے،یہ صرف قومی اسمبلی کی نہیں بلکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی ایسا ہی کیا گیا،سمجھ سے بالاتر ہے کس قسم کے لوگ اسمبلی میں جائیں گے،یہ تمام ثبوت الیکشن کمیشن نے خود جاری کیے ہم الیکشن کمیشن کے سامنے کل یہ ثبوت لے کر جائیں گے،مہربانو قریشی کے حلقے میں جتنے ووٹوں سے انہیں ہرایا گیا اس سے زیادہ ووٹ مسترد کیے گئے۔انہوں نے جلدی میں یہ سب کیا،ان کو سمجھ نہیں آئی کیا کرنا ہے،پاکستان کی تاریخ میں ایسا کام کبھی نہیں ہوا،میرے حلقے میں میرے ووٹ کم کرکے جلال خان کے 102 کردیےگئے۔
تیمور خان جھگڑا نے دعویٰ کیا کہ یاسمین راشد کے فارم 45 میں بڑی تبدیلی کی گئی، قیصرہ الہی کے فارم 45 میں 507 کو 007 کر دیاگیا،میرے 213 ووٹ کو 93 کر دیا گیا، حلیم عادل شیخ کے فارم 45 میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی، آر اوز نے ایسے کام کئے جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے، نواز شریف کے 138 ووٹوں کو 1138 بنا دیاگیا،نور عالم خان خود بھی حیران ہیں کہ مجھے اتنے زیادہ ووٹوں سے کیوں جتوایا گیا،قومی اور صوبائی اسمبلی کے ووٹرز ٹرن آؤٹ میں بے پناہ ردوبدل کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بچگانہ حرکت کی،فارم 48 میں ہر پولنگ سٹیشنز کا نتیجہ لکھا ہوتا ہے،میرے مخالف شخص کو جتوایا گیا،جہاں 172 تھا اسے فارم 45 میں 972 کیا گیا،پولنگ سٹیشن نمبر 5 میں میرے ووٹ 357 تھے،دوسرے شخص کے ووٹ 123 سے بڑھا کر 723 کردیے گئےجس سے ووٹر ٹرن آؤٹ 36 فیصد سے 80 فیصد تک بڑھا دیا گیا،ایک علاقے میں دو تین پولنگ سٹیشنز کے نتیجے میں بہت زیادہ فرق ہے،یہ فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں،بھونڈے طریقے سے دھاندلی کی گئی،44 کو 444 کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی الیکشن میں اتنے بڑے پیمانے پر نتائج نہیں بدلے گئے،میرے فارم 45 میں نتائج وہی ہیں ،دوسرے شخص کے فارم 45 میں ووٹ بڑھائے گئے،یہاں پر منظم طریقے سے آر اوز کے ذریعے حملہ کیا گیا،اگر ملک میں جمہوریت نے قائم رہنا کے تو ہم جمہوریت پر اس حملے کو ناکام بنانا ہوگا،ہم ہر طرح کی جدو جہد کریں گے اور یہ حملہ ناکام بنائیں گے۔