لاٹھی گولی کی سرکار کسی کی آواز دبا نہیں سکتی، ڈاکٹر اختر ملک
گوجرانوالہ) بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پریشر اور لاٹھی گولی کی سرکار کے ذریعہ آپ کسی کی آواز کو نہیں دبا سکتے۔ عمران خان عوام کی آواز ہے اور عوام کی آواز میں اللہ تعالی کی مدد بھی شامل ہوتی ہے‘ انشاء اللہ یہ قافلہ اپنی منزل پر پہنچ کردم لے گا۔ان خیالات کا اظہارانہو ں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر لانگ مار چ فائرنگ واقعہ میں زخمی ہونے والے کارکنان کی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں عیادت کے موقع پر کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر سائرہ عمر‘ مشیر وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر زین علی بھٹی‘ مشیر وزیراعلی عرفان احسان‘ ڈی جی ہیلتھ پنجاب شاہد حسین مگسی‘ ایم پی اے خرم اعجاز چٹھہ‘ عمر آفتاب‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر سہیل انجم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قائد عمران خان کی طرح ہمارے کارکنان کا حوصلہ بھی بلند ہے اور وہ جلد صحتیاب ہو کر اپنے قائد کی قیادت میں دوبارہ حقیقی آزادی کا سفر شروع کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے زخمی کارکنان سابق ٹکٹ ہولڈر عمران یوسف‘ لیاقت، اریب او راحت زمان کی فرداً فرداً عیادت کی اور انہیں پارٹی قائد عمران خان کی طرف سے گلدستے پیش کئے۔اس موقع پرزخمی کارکنان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے قائد کی زندگی محفوظ ہے‘ انہو ں نے کہا کہ آزادی کیلئے لگنے والی یہ گولیاں نہیں ہمارے لئے پھول ہیں۔
‘ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور قوم کی حقیقی آزادی کیلئے ہم ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر سہیل انجم اورزخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران کھوکھر، ڈاکٹر مدثر رسول،ڈاکٹر عمر راٹھور نے صوبائی وزیر کو بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی جارہی ہے اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے _ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جلد ہی مکمل صحت یابی کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ بہترین طبی سہولیات کے ساتھ مریضوں اور لواحقین کو کھانا بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر نے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈی سی سائرہ عمر، مشیران وزیر اعلیٰ، انتظامی افسران اور ایم ایس کا بھی شکریہ ادا کیا _