پنجاب میں پروموشن و پوسٹنگ اضلاع کے تعلیمی نتائج سے مشروط کر دی گئی
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سی ای اوز، ڈی ایم اوز کانفرنس میں پنجاب بھر کے نئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور ڈپٹی مانیٹرنگ افسران کو پنجاب مفت و لازمی تعلیم ایکٹ 2014 کا نفاذ یقینی بنانے اور ڈراپ آؤٹ ریشو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی پروموشن و پوسٹنگ اضلاع کے تعلیمی نتائج سے مشروط کر دی۔
رانا سکندر حیات نے ہر ضلع کے سی ای او کو ایجوکیشن پلان فراہم کرنے اور آئندہ سال ٹیک ایجوکیشن کے آغاز حوالے سے مؤثر منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کیلئے ہر ضلع کی پانچ پانچ یوسیز کو ہدف بنا کر اقدامات کیے جائیں۔ اس ضمن میں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور مسنگ سہولیات دور کرنے کیلئے سکول مینجمنٹ کونسل کو بااختیار کر رہے ہیں۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہر سال 20 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنامحکمہ سکولز کا ہدف ہے۔ تمام سی ای اوز اس ہدف کی تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے سی ای اوز کو ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے تمام نئے سی ای اوز، ڈی ای اوز کو ٹیبلٹس دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ گزشتہ دنوں ہونے والے ٹی این اے ٹیسٹ میں ٹاپ کرنے والوں کو لندن کا ٹور کرانے کا بھی اعلان کیا۔ کانفرنس میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو 700 اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو 300 ٹیبلٹس بھی دئیے گئے۔