’علی امین مین گیٹ سے بھاگے ہیں، وہ حراست میں نہیں، ریڈ کررہےہیں اور اگر ملے تو۔ ۔ ۔‘ وزیرداخلہ محسن نقوی نے اعلان کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ علی امین گنڈاپور ہماری حراست میں نہیں، نہ ہی کسی ادارے کی حراست میں ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے پی کسی ادارے کی حراست میں بھی نہیں ہیں،ہم نے دو تین چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ کے پی کے ہاؤس میں موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا ہم اور اسلام آباد پولیس ڈھونڈ رہے ہیں۔جہاں بھی وہ ہمیں ملے پولیس اپنی کارروائی پوری کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین کے پی ہاؤس میں موجود نہیں ،وہ وہاں سے بھاگ گئے ہیں،کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔
محسن نقوی کاکہناتھا کہ پولیس کا ایک اہلکار تشویش ناک حالت میں تھا، آج اس نے جام شہادت نوش کیا، جو جو شہید کے قتل میں ملوث ہے ان میں سے کوئی بھی نہیں بچے گا، ان کاکہناتھا کہ شہید کی فیملی میں 2بیٹے ہیں ،ایک بیٹا پہلے ہی سرکاری ملازم ہے دوسرے بیٹےکو پولیس میں بھرتی کریں گے،شہدا پیکج کے علاوہ شہید کی فیملی کو ایک پلاٹ دیں گے۔