ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ میں بھارتی نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں دبئی میں مدمقابل تھیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی قیادت فاطمہ ثنا کررہی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم کو ہرمن پریت کور لیڈ کر رہی ہیں۔ پاکستان کا ٹاس جیت کرپہلے کھیلنے کا فیصلہ سود مند ثابت نہ ہوا،پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب گل فیروزہ ایک رن پر آؤٹ ہو گئیں، پاکستان کی دوسری وکٹ 25 کے مجموعی سکور پر گری ،سدرہ امین 8رنز بنا کرآؤٹ ہوئیں، پاکستان کی تیسری وکٹ 33 رنز پر گری۔ بھارت کیخلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 41 رنز پر گر گئی، منیبہ علی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔پاکستان کی 52 کے مجموعی سکور پر پانچویں وکٹ گری، عالیہ ریاض 12 ویں اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کی فاطمہ ثنا 13 جب کہ طوبہ حسن صفر رن پر آوٹ ہوئیں۔
جواب میں بھارتی ٹیم نے 106 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔ بھارت کی جانب سے شفالی ورما 32 اور ہرمن پریت کور 29 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثناء نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔