مہمند ایجنسی ،پولیو مخالفین اور پولیٹیکل انتظامیہ کے مابین مشترکہ مذاکرہ

مہمند ایجنسی ،پولیو مخالفین اور پولیٹیکل انتظامیہ کے مابین مشترکہ مذاکرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، پولیو کے خاموش منکرین کے ساتھ پی اے مہمند، نفسیاتی ماہرین، مشران اور علمائے کرام کا مشترکہ مذاکرہ۔ پولیو قطروں میں کوئی حرام اور مانع حمل اجزاء شامل نہیں۔ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔ شرکاء کا اتفاق۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں پیر کے روز پولیٹیکل انتظامیہ، محکمہ صحت حکام، ماہر نفسیات، مشران، صحافیوں ، یونیسف ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں اور علمائے کرام کا پولیو قطروں کے بارے میں شکوک و شبہات رکھنے والے خاموش انکاری والدین کے ساتھ مذاکرہ ہوا۔ اپنے نوعیت کے پہلے مشترکہ اجلاس کی صدارت پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر نے کی۔ جبکہ تینوں سب ڈویژنز کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس، حسیب الرحمن خلیل، نوید اکبر خان ، پیر عبداللہ شاہ، محکمہ صحت کے ایجنسی سرجن ڈاکٹر رضاء اللہ، ڈاکٹر شبیر، ماہر نفسیات ڈاکٹر ذبیح اللہ، مولانا عبدالحق، مولانا سمیع اللہ، قبائلی مشران ملک نادر منان، ملک امیر نواز خان، ملک حاجی ہمیش، ملک آیاز، ملک اورنگزیب و دیگر مشران اور پولیو قطروں سے شاکی والدین نے شرکت کی۔ والدین نے پولیو قطروں کے اجزاء اور طریقہ کار کے بارے میں کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اور اس کے خاتمے کیلئے تجاویز دیئے۔ جس کے جواب میں پی اے مہمند، علمائے کرام اور ماہر نفسیات نے کہا کہ پولیو کے ڈراپس میں کوئی مضر صحت اور حرام اجزاء شامل نہیں ۔ اس حوالے سے جید عالم دین مرحوم ڈاکٹر شیر علی شاہ صاحب سمیت پاکستان کے 160 علمائے کرام کا فتویٰ موجود ہے۔ جنہوں نے پولیو جیسے خطرناک مرض سے بچاؤ کیلئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ضروری ہے۔ ماہرین صحت نے بتایا کہ 1988 سے پاکستان میں پولیو سے بچاؤ کے مہم کا آغاز بروقت کیا گیا جب ملک میں اس بیماری کے 3500 متاثرین موجود تھے۔ تب سے اب تک لوگوں کے تعاؤن اور علمائے کرام کی فرض شناسی کے بدولت یہ تعداد ختم ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے بغیر خود ساختہ پروپیگنڈوں نے پولیو مہم میں تھوڑی بہت مشکلات پیدا کر دی ہے۔ مگر قبائلی عوام اور مشران کے تعاؤن اور محکمہ صحت کی محنت کے بدولت مہمند ایجنسی کئی سال سے پولیو فری علاقہ بن گیا ہے۔ جس کو بر قرار رکھنے کیلئے ہر طبقہ اور محکمہ جات سمیت سیکورٹی فورسز پر عزم ہے۔ پی اے مہمند نے مشترکہ مذاکرے کے کامیاب انعقاد پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے مشترکہ اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد ہونگے۔ اس موقعہ پر قبائلی مشران اور شاکی والدین نے پولیو قطرے با قاعدگی کے ساتھ پلانے کے عزم اظہار کرتے ہوئے پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاؤن کا اعلان کیا۔