روایتی دہشتگردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشتگردی زیادہ خطرناک ہے، آرمی چیف

روایتی دہشتگردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشتگردی زیادہ خطرناک ہے، آرمی چیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن وار روایتی دہشتگردی کے برعکس زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے لیکن جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی یکجہتی کا جذبہ ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہے، قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے سےسرشار افواج سرحدوں کا تحفظ کر رہی ہیں، معرکہ ستمبر میں افواج کا جرأت و بہادری کا مظاہرہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

سربراہ بری فوج نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے مقدم ہیں، شہداء اور ان کے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا، فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے۔ان کا کہنا تھا ڈیجیٹل دہشتگردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں، روایتی دہشتگردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشتگردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشتگردی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے، عہد کریں کہ اختلافات بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔