رائیڈ کینسل کرنے پر رکشہ ڈرائیور کا پارہ چڑھ گیا، خاتون کو تھپڑ رسید کردیا
بنگلورو(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت میں ایک خاتون کی جانب سے رکشہ سواری کینسل کرنے پر ڈرائیور آپے سے باہر ہوگیا اور خاتون کو تھپڑ بھی رسید کر دیا۔
واقعہ بھارتی شہر بنگلورو میں پیش آیا جب ایک رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو رائیڈ کینسل کرنے پر تھپڑ جڑ دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیتی نامی خاتون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دو ویڈیوز جاری کیں جس میں دیکھا گیا کہ رکشہ ڈرائیور خاتون سے بدتمیزی کر رہا ہے اور غصے بھرے لہجے میں کہتا ہے کہ گیس کے پیسے کون دے گا، میرے رکشے کی گیس ضائع ہوئی ہے۔
یہ سب اس وقت شروع ہوا جب ایک خاتون اور اس کی دوست نے اولا ایپ کے ذریعے الگ الگ آٹو بک کروائے۔ ایک آٹو وقت پر پہنچنے پر دوسری سواری کینسل کرنی پڑی۔ خاتون نے وضاحت کی کہ انہوں نے اس لیے دو آٹو بک کروائے تاکہ ان کی دوست اپنی کلاس سے محروم نہ رہ جائے۔
مگر خاتون کی جانب سے پولیس کی دھمکی دینے پر آٹو ڈرائیور طیش میں آجاتا ہے اور کہتا ہے کہ ابھی تھانے چلو۔خاتون سوار نے کہا آپ لوگ بھی تو رائیڈ کینسل کردیتے ہیں، میں نے کردی تو کیا ہوا، آپ تمیز سے بات کریں، اتنے میں ڈرائیور خاتون کا فون لینے کی کوشش کرتے ہوئے اسے تھپڑ ماردیتا ہے۔
تاہم رکشہ ڈرائیور کے خاتون پر ہاتھ اٹھانے پر وہ پولیس کو اطلاع کرتی ہے، رپورٹس کے مطابق رکشہ ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔