روٹی دیر سے ملنے پر بارات واپس چلی گئی، دولہے نے دوسری لڑکی سے شادی کرلی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں دولہے نے شادی سے صرف اس لیے انکار کردیا کہ کھانا دیر سے پیش کیا گیا۔ اس نے دوسری لڑکی سے شادی کرلی جب کہ بن بیاہی دلہن نے ایف آئی آر درج کرادی۔
نیوز 18 کے مطابق ریاست اترپردیش کے چندولی میں گاؤں حامد پور میں ایک منفرد واقعہ پیش آیا جہاں دولہے نے کھانے میں تاخیر پر شادی سے انکار کردیا۔ دولہا اور اس کے اہلخانہ ناراض ہوکر دلہن کو عروسی لباس میں چھوڑ کر چلے گئے۔ بعد ازاں دلہن نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
رپورٹس کے مطابق دلہن کی شادی مہتاب نامی نوجوان سے سات ماہ قبل طے ہوئی تھی۔ 22 دسمبر کو شادی کی تقریبات جوش و خروش سے شروع ہوئیں۔ دلہن کے خاندان نے باراتیوں کا استقبال مٹھائی سے کیا اور کھانا بھی پیش کیا۔ تاہم باراتیوں میں سے ایک شخص نے الزام لگایا کہ روٹیاں وقت پر پیش نہیں کی گئیں، جس پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
دولہے اور باراتیوں کو منانے کی کوشش ناکام رہی اور وہ دلہن کے گھر والوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے چلے گئے۔ دولہا رات کے دوران غائب ہوگیا اور بعد میں اس نے ایک رشتہ دار لڑکی سے شادی کرلی۔ یہ خبر دلہن کے خاندان کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی، اور انہوں نے انڈسٹریل نگر پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
مقدمے میں دلہن کے خاندان نے سات لاکھ روپے کے مالی نقصان کا دعویٰ کیا ہے جس میں دولہے کے گھر بھیجے گئے ڈیڑھ لاکھ روپے کا جہیز بھی شامل تھا۔ دلہن نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے درخواست کی کہ وہ دولہے کے خاندان کے پانچ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کریں اور قانونی کارروائی شروع کریں۔
دلہن کے بھائی راجو نے کہا کہ ایس پی نے کارروائی کا یقین دلایا اور پولیس کو ان سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی، لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے مقامی پولیس کی بے عملی پر سخت تنقید کی۔