بی آئی ایس پی غربت کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے، گورنر پنجاب

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ یہ ایک سوشل ویلفیئر کا ادارہ ہے جس کے ملازمین نے بھرپورمحنت، لگن اور ذمہ داری سے مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدور اور کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور بی آئی ایس پی آفیسرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدور اور کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بی آئی ایس پی کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ہوئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے حلف برداری تقریب کی صدرارت کی۔گورنر پنجاب سرادار سلیم حیدر نے نومنتخب اراکین کو جمہوری عمل کے تحت الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بی آئی ایس پی پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے۔سینٹر روبینہ خالد کے بطور چیئرپرسن عہدہ سنبھالنے کے بعد ادارے نے ترقی کا سفر کامیابی سے طےکیا۔ بی آئی ایس پی پروگرام محکوم طبقے کی معاشی مدد اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ ایک سوشل ویلفیئر کا ادارہ ہے جس کے ملازمین نے بھرپورمحنت، لگن اور ذمہ داری سے مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیئے۔بی آئی ایس پی پروگرام محکوم طبقے کی معاشی مدد اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مستحقین کو بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت شفاف طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن ہے۔صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات پر نیا بینکنگ ماڈل متعارف کرایا تاکہ مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جائے۔
تقریب کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حید ر کو شیلڈ پیش کی۔