سیکرٹری اطلاعات و تعلقات  عامہ کا انفارمیشن کمیشن کا دورہ 

 سیکرٹری اطلاعات و تعلقات  عامہ کا انفارمیشن کمیشن کا دورہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)سیکر ٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبر پختونخوا ارشد خان نے جمعرات کے روز خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کا دورہ کیا جہاں انہیں چیف انفارمیشن کمشنر ساجد خان جدون اور کمشنر II ریاض خان داؤد زئی نے بریفنگ دی۔ ارشد خان کو کمیشن کے افعال، کارناموں اور دیگر اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ فی الحال کمیشن نے خیبر پختون خوا میں شفافیت اور قانون کے مناسب نفاذ کو یقینی بنانے، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے،  GIZ، ورلڈ بینک اور سماجی شعبے کی دیگر تنظیموں کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پروگرام تعاون کے شعبوں میں مشاورتی خدمات مہیا کرتا ہے، جس میں 15 اضلاع میں 400 پبلک انفارمیشن آفیسرز کی استعداد کار کو بڑھانے الیکٹرانک فائلنگ سے متعلق درخواستوں،سات ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے سرکاری ملازمین، سول سوسائٹی آرگنائزیشنز، اکیڈمیا اور تھنک ٹینک میں آگاہی مہم چلانے اور کووڈ 19  کے مشکلات کے تناظر میں صوبائی اور مقامی انتظامیہ، میڈیا اور سول سوسائٹی کی بھی حمایت کرتا ہے۔چیف کمشنر نے بتایا کہ کمیشن ورلڈ بینک کے اشتراک سے دستاویزی فلمیں اور ریڈیو سپاٹ تیارکرکے نشر کرے گا اورعوام کو اس بہترین قانون سے متعلق فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے پرنٹ میڈیا میں اشتہارات شائع کرے گا۔اس کے علاوہ سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں تین اپیلٹ دفاتر / بنچ قائم کیے جائیں گے۔ یہ دفاتر پشاور کی بجائے شکایات کرنے والوں کو ان کی شکایات سننے میں مدد فراہم کریں گے۔ ارشد خان نے کمیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ  رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن حکومت اور عوام دونوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کو درپیش چیلنجوں کو دور کرنے کے لئے، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی میں کمیشن کا کردار بہترین ہے۔ انہوں نے کورونا ایمرجنسی کے دوران کمیشن کی سرگرمیوں کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔  .