کے ٹو ریسکیو آپریشن، دوسرے روز اہم کامیابی، لیکن محمد علی سدپارہ کے بارے میں کیا خبر ہے؟
سکردو (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے کیا جانے والا دوسرے روز کا ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ محمد علی سد پارہ کے صاحبزادے ساجد سد پارہ کو بیس کیمپ سے سکردو پہنچادیا گیا ہے تاہم محمد علی سد پارہ اور ان کی ٹیم سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے ہیلی کاپٹرز نے 7800 میٹر تک پروازیں کیں، آپریشن میں زمینی اور فضائی دو ٹیموں نے حصہ لیا۔
خیال رہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ گزشتہ 48 گھنٹوں سے زائد وقت گزرجانے کے بعد بھی لاپتہ ہیں۔ وہ سردیوں کے موسم میں کے ٹو کو سر کرنے کیلئے گئے تھے۔