صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم کا بہاولپور کا دورہ،خواتین کے وراثتی جائیداد کے 16 کیسز کی سماعت کی
بہاول پور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے بہاولپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریجنل آفس میں خواتین کے وراثتی جائیداد کے 16 کیسز کی سماعت کی گئی۔ وراثتی جائیداد کے 9 کیسز میں خواتین کو انکی اراضی کا قبضہ واگزار کروا کے دلوایا جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔صوبائی خاتون محتسب نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں کیا جاسکتا۔ پنجاب میں خاتون محتسب کے 9 ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں ضلعی سطح پر بھی خاتون محتسب کے دفاتر جلد قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں باوقار اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھ سکیں۔
خاتون محتسب پنجاب نے خواتین کو ورک پلیس پر ہراسمنٹ کرنے کے 4 کیسز کی سماعت کی. یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 2 برسوں میں ریجنل آفس خاتون محتسب بہاولپور میں اڑھائی سو سے زائد پراپرٹی کے کیسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ محتسب جنوبی پنجاب محمد اکرم بھٹی، پی ایس او صوبائی محتسب حافظ فاروق انور اور لا ء آفیسر رائے عبداللہ بھی موجود تھے۔