ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ترین ریسلر جان سینا نے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا
ٹورنٹو(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔جان سینا نے یہ اعلان کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منی ان دی بینک نامی ریسلنگ ایونٹ کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 2025 میں وہ ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کام کرنے کے دوران انہوں نے متعدد مشکلات کا سامنا کیا مگر لوگوں کی محبت نے انہیں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کی۔47 سالہ جان سینا 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تھے اور انہیں ہر دور کے بہترین ریسلرز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔
اپنے کیرئیر کے دوران وہ 16 بار ورلڈ چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے جو ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا ریکارڈ ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2025 میں ریسل مینیا بطور ریسلر ان کا آخری ایونٹ ہوگا۔اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے تھینک یو جان سینا کے نعرے لگائے جبکہ ریسلر نے جو ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی، اس لکھا تھا کہ 'دی لاسٹ ٹائم از ناؤ'۔