ایف بی آر سے متعلق عوام کی رائے مثبت نہیں ہے، وفاقی وزیر خزانہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف بی آر سے متعلق عوام کی رائے مثبت نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام ایف بی آر پر بھروسہ نہیں کرتے اس لیے ٹیکس نیٹ میں آنے سے گھبراتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسوں میں اضافہ نہ کیا تو ایک بار پھر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہے تو ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی بڑھانا ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے کے لیے پراعتماد ہیں۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے بھی پرکشش منصوبے پیش کرنے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کا درآمدات پر بہت زیادہ انحصار ہے، درآمدات کے باعث ڈالر کا بحران پیدا ہوتا ہے اور قرض لینا پڑتا ہے۔