ریتی سٹیشن کا سگنل گرین ملا، سٹیشن ماسٹر نے بھی کلیئرنس دی تھی ، ٹرین ڈرائیور
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن)گھوٹکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی سر سید ایکسپریس کے ڈرائیور اعجاز نے کہا کہ انہیں ریتی سٹیشن کا سگنل گرین ملا جبکہ سٹیشن ماسٹر سے بات ہوئی ، وہاں سے بھی کلیئرنس ملی تھی ۔
ہسپتال میں طبی امداد لینے کے بعد سر سید ایکسپریس کے ڈرائیور اعجاز نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہماری ٹرین ریتی سٹیشن پہنچی تو ہمیں سگنل گرین ملا، سٹیشن ماسٹر سے بھی بات ہوئی ،جب آگے گئے تو رات 3 بج کر 40 منٹ پر کراچی سے آنے والی ملت ایکسپریس کے ڈبے گرے ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر ہنگامی بریک لگانے کی بہت کوشش کی لیکن گاڑی رکی نہیں، تحقیقات میں ثابت ہو جائے گا کہ میں اور اسسٹنٹ ڈرائیور سوئے نہیں بلکہ چوکس تھے ۔
ڈرائیور اعجاز کے مطابق سر سید ایکسپریس کی دو ائیرکنڈیشنڈ بزنس کلاس بوگیاں اور ایک ڈائیننگ کار متاثر ہوئی جب کہ حادثے میں ملت ایکسپریس کی 3 اے سی بزنس اور 8 اکانومی کلاس بوگیاں ڈاؤن ٹریک پر گریں۔