لیپ ٹاپ کی فراہمی
موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں انٹرنیٹ ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی علم کے سمندر اور خزانے کی مانند ہیں لیکن غریب طلبا ء وطالبات کو اس تک رسائی کے لئے جو وسائل اور آلات درکار ہوتے ہیں وہ پاکستان کے موجودہ مہنگائی اور بیروزگار ی کے دور میں ممکن نہیں لیکن خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے قابل اور ذہین، مگر غریب طلباء و طالبات کو اس علمی خزانے تک رسائی کے لئے لیپ ٹاپ کی سکیم شروع کر کے نا صرف ان غریبوں کو علم کے اس خزانے تک رسائی کا ذریعہ دیا ہے،بلکہ انہوں نے ان ذہین طلباء وطالبات کے لئے مستقبل میں ترقی اور اپنا حلال رزق کمانے کے وسائل بھی فراہم کر دیئے ہیں جو نا صرف پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں،بلکہ وہ اپنے خاندانوں کو بھی پاؤں پر کھڑا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔طلباء و طالبات میں اب تک میرٹ کی بنیاد پر 3لاکھ10ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں،جبکہ چوتھے مرحلے میں 1لاکھ 15ہزار مزید لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔لیپ ٹاپ سکیم میں ایم این ایز،وزراء اور ایم پی اے کے لئے کوئی کوٹہ مختص نہیں بلکہ شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاتے ہیں۔ محمد شہباز شریف کی طرف سے شروع کی گئی لیپ ٹاپ سکیم پر بڑی تنقید بھی کی گئی، لیکن جن لوگوں نے تنقید شروع کی ہے، ان کا کوئی کارنامہ ایسا نہیں کہ اسے بیان کیا جا سکے،اب لیپ ٹاپ سکیم کو بھی ایک عظیم سکیم سمجھا جارہا ہے۔ چاہیے تھا کہ سکیم پر تنقید کرنے والے محمد شہباز شریف کا ساتھ دیتے، لیکن پاکستان میں یہ روایت رہی ہے کہ ہر اچھے کام کی راہ میں روڑے اٹکائے جاتے ہیں اس سکیم کا شاندار پہلو یہ ہے کہ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران طلباء لیپ ٹاپ چالو کر کے اپنی تعلیمی پیاس بجھا سکتے ہیں ۔
حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ صوبے میں با صلاحیت اور ہونہار طالب علم محض وسائل کی کمی کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہیں، کیونکہ پاکستان میں تعلیم کمرشل ہو چکی ہے، امراء کے بچے ایچی سن ،بیکن ہاؤس اور ایجوکیٹرز سمیت غیر ملکی یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں جبکہ غریب کے بچے ان اداروں میں تعلیم حاصل کر نے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ غریب اور امیر میں یہ تفریق مزید بڑھ رہی ہے،تاہم خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے غریب لوگوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے اور اس کا حجم 17ارب کر دیاگیا ہے۔طلباء وطالبات کو وظائف دیئے جارہے ہیں۔دانش سکولز جیسے ادارے قائم کئے گئے ہیں جو یتیموں،بے سہارا اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کا محمد شہباز شریف کا خواب تھا وہ انہوں نے پورا کر دکھایا ہے۔ آج دانش سکولوں میں غریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔نوجوان پاکستان کی آبادی کا 62فی صد ہیں۔
اس طبقے کو ترقی کے سفر میں شامل کئے بغیر پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل پر نہیں پہنچ سکتا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لیپ ٹاپ تقسیم کے چوتھے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر میرٹ سکالرز اور پاکستان کے درخشاں ستاروں کو لیپ ٹاپ دیتے کی تقریب منعقد کی گئی ہے ۔یقیناًآپ نے اپنے والدین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محنت کی اور اساتذہ کرام سے تعلیم حاصل کی۔یقیناًآپ نے محنت کی ،اپنا ہوم ورک کیا، لیکن نقل نہیں ماری ہو گی، کیونکہ پنجاب سے نقل ،بوٹی مافیا اور رشوت کے دور کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں صرف اور صرف میرٹ سکہ رائج الوقت ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ اور چھولو آسمان ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں اور آپ آسمانوں کو چھو کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔