ضلع چکوال میں101سیاحتی مراکز کی نشاندہی ہوچکی ہے،ڈاکٹر اظہارخان

ضلع چکوال میں101سیاحتی مراکز کی نشاندہی ہوچکی ہے،ڈاکٹر اظہارخان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پراجیکٹ ڈائریکٹر وزیراعظم سیاحتی پروگرام ضلع چکوال ڈاکٹر اظہار خان نے ہفتے کے روز بتایا کہ ضلع چکوال کی تاریخ کروڑوں سال پرانی ہے اور وزیراعظم کے سیاحتی پروگرام کے تحت پورے ضلع چکوال میں 101 چھوٹے، بڑے سیاحتی مراکز کی نشاندہی ہو چکی ہے، اُس کے لئے پبلک مقامات پر بورڈ اور نقشے آویزاں کئے جا رہے ہیں جس سے باہر سے آنے والے لوگوں کو ان مقامات تک جانے کے لئے آسانی ممکن ہو گی۔ ڈاکٹر اظہار خان چکوال شہر کے قدیمی تجارتی مرکز چھپڑ بازار کا جائزہ لینے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بزم آثار شناسی ضلع چکوال کے چیئرمین خواجہ بابر سلیم محمود نے بتایا کہ موجودہ چھپڑ بازار قیام پاکستان سے قبل پانی کا ایک چھپر تھا اور یہاں پر ہندوؤں کی چند دکانیں ہوا کرتی تھیں اور اب الحمد للہ چھپڑ بازار پورے ضلع چکوال کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں پر دُور دراز دیہاتوں کے ہزاروں لوگ روزانہ آتے ہیں اور اب یہاں پر روزانہ کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر اظہار خان نے بتایا کہ سی پیک منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ضلع چکوال کی خود بخود جغرافیائی صورت حال ایسی ہے کہ یہ پورے خطے میں چکوال بڑی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال مندرہ روڈ اور چکوال سوہاوہ روڈ منصوبے بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور ان کے مکمل ہوتے ہی ضلع چکوال کا ایک روشن اور ترقی یافتہ چہرہ سامنے آنے والا ہے۔