پی ٹی آئی کی نالائق حکومت نے عوام کو گروی رکھ دیا ہے‘عاجز دھامراہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ ، ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت اور ضلع کورنگی کے سیکریٹری اطلاعات جانی میمن نے اپنے مشترکہ بیان میں بجلی 2.37 روپے فی یونٹ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹ کے نام پر ایک سال میں متعدد بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ اس سے عوام پر 33ارب روپے کا اضافی بوجھ مسلط کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت نے ملک اور عوام کو گروی رکھ دیا ہے اور متوسط طبقے سے جینا کا حق بھی چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشکول کو لعنت سمجھنے والے اور قرضوں کو خود کشی کے مترادف قرار دینے والوں نے ملک کا نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے ۔ سلیکٹڈ حکومت کے پہلے دن سے 15ماہ کے عرصے میں مہنگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے مگر پھربھی اسٹیٹ بینک خسارے میں جارہا ہے۔ملک میں معیشت تباہ ، بےروزگاری میں دن بہ دن اضافہ ، غذائی اجناس سے لےکر جان بچانی والی ادویات تک عام آدمی کے بس سے باہر ہوتی جارہی ہے۔ ملک کا تاریخی قرضہ لینے والے اور ہوشربا مہنگائی کے باوجود آخر کار سلیکٹڈ حکومت کی پالیسی ملک و عوام کے مفاد میں ہے یا اس کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت روز بروز عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے ‘ پی ٹی آئی آئی ایم ایف سے کی گئی ڈیل سے قوم کو آگاہ کرے ۔