بھارتی جارحیت پر وزیر اعظم کی خاموشی قابل مذمت، جلد عوامی تحریک کی حکومت ہو گی: طاہر القادری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ، ہر حلقے سے امیدوار میدان میں اتریں گے اور کامیابی بھی حاصل کریں گے جس کے نتیجے میں ملک میں جلد عوامی تحریک کی حکومت بنے گی، ہم اس حکومت کے ذدیعے انقلاب کا نظام نافذ کریں گے، جس میں عوام کو ان کے حقوق ملیں گے، روزگار ملے گا، انصاف اور تعلیم کی ترسیل ہو گی جبکہ امن بھی قائم ہو گا۔ ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہر حکمران کرسی کی مضبوطی کے لئے نئے تعلقات بناتا ہے، یہ تعلقات سرکاری نہیں ذاتی سطح کے ہوتے ہیں ،پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے، ملک کے وزیر اعظم کو بھارتی جارحیت پر ایک بیان دینے کی جرات نہیں ہوئی بلکہ سرتاج عزید نے ہی بیان جاری کیا، حکومتی سطح پر کوئی مذمتی بیان جاری نہیں ہوا لہذاٰ ہم وزیر اعظم کی اس مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب پورے ملک میں پھیل رہا ہے، ہمارا پیغام گلی گلی شہر شہر جا چکا ہے، میں روزانہ ہزاروں کارکنوں کو واپس بھیجتا ہوں مگر اس سے زیادہ کارکن دھرنے میں آ جاتے ہیں، میں کارکنوں کو اگلی جنگ کی تیاری پر اگلے مورچوں پر جانے کی اجازت دیتا ہوں جہاں وہ اپنے اپنے شہروں میں جلسوں کی تیاری کریں اور سوشل میڈیا کی ہتھیار کو استعمال کر کے اپنا پیغام عام کریں۔