عمران خان نے آج تک طالبان کو کوئی ’بھڑک‘ نہیں سنائی : پرویز رشید
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کے خلاف زبان درازی کرنے والے عمران خان طالبان کی دہشت گردی پر خاموش ہیں، ان کی ’بھڑک‘ آج تک دہشتگردوں کو سنائی نہیں دی اور یہ تو دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ تک میں شرکت کرنے سے ڈرتے ہیں، ان کی بہادری دہشتگردوں کے سامنے ختم ہو جاتی ہے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سیاست کے لئے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے اصل دشمن ہیں، عمران خان کی نالائیکی اور گھمنڈ نے ملک کو نقصان پہنچایاہے، انہی کی وجہ سے چینی صدر پاکستان نہیں آئے اور پوری قوم کو نقصان اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔عمران خان کی جانب سے بھارتی جارحیت پر وزیر اعظم کی خاموشی سے متعلق بیان پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو شائد اس بات دکھ ہے کہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ کیوں لڑا۔