سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی: وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس دوران ملک میں امن و امان اور بالخصوص اسلام آباد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے لیکن سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہورہی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پردھاوے کو ناکام بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج ، پنجاب پولیس اوررینجرز کے دستوں نے بھی امن و امان کی صورتحال برقراررکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔