کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکی باشندوں سمیت 3افراد جاں بحق، 17 افراد زخمی

کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکی باشندوں سمیت 3افراد جاں بحق، ...
کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکی باشندوں سمیت 3افراد جاں بحق، 17 افراد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکی باشندوں سمیت 3افراد جان گنوا بیٹھے جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔ائیرپورٹ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ کراچی میں ائیرپورٹ سگنل کے قریب زودار دھماکا ہوا جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔دھماکے کے بعد جائے واقعہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ کرائم سین پر کچھ سمجھ نہیں آرہا، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک آئل ٹینکر میں آگ لگی اور پھر دھماکے سے نقصان ہوا۔ دھماکے سے کئی گاڑیاں تباہ ہوئیں، دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی۔

اظفر مہیسر نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی تحقیقات جاری ہے، واقعے میں دہشتگردی اور تخریب کاری کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق فارنزک رپورٹ آنے تک حتمی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے دھماکے کی جگہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات ہیں دھماکا آئی ای ڈی ہے، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیرملکی شہری سوار تھے، دھماکا غیرملکیوں کے گاڑی گزرنے کے بعد ہوا، اسے آئل ٹینکر دھماکا نہیں کہا جا سکتا، سی سی ٹی وی اور دیگر ذرائع سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

کراچی دھماکے میں زخمی خاتون تسلیم نے بتایا کہ وہ بیٹے اور پوتے کے ساتھ موٹر سائیکل پر گزر رہی تھیں، ان کے آگے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکار تھے۔ اچانک دھماکاہوا اور کچھ چیزیں انہیں آکر لگیں، بیٹا اور پوتا محفوظ ہیں۔

ابتداعی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایچ او ڈی ایمرجنسی ڈاکٹر نوشین نے بتایا کہ دھماکے کے 6 زخمی جناح ہسپتال لائے گئے ہیں۔پولیس اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ فائربریگیڈ کا عملہ بھی گاڑیوں میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کرتا رہا۔

واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کرکے ائیر پورٹ کی طرف آنے اور جانے والے راستے بحال رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی آئی جی پولیس سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں۔

دھماکے سے 2 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں میں آگ لگی ہے۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر تمام تنصیبات محفوظ ہیں۔

دھماکےکی آواز کریم آباد، ڈیفنس اور جمشید روڈ کےاطراف بھی سنی گئی