کراچی دھماکا خودکش قرار، غیر ملکیوں کی گاڑی سے بارود سے بھری کار ٹکرائی گئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )تفتیشی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ شب ایئر پورٹ کے باہر غیر ملکیوں کے قافلے سے خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرائی۔
روز نامہ جنگ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں چھوٹی کار استعمال کی گئی، کار سوار خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا۔
تفتیشی ذرائع نے کہا ہے کہ قافلہ پہنچتے ہی کار سوار نے اپنی گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا دی، کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد غیر ملکیوں کی ایک گاڑی ریورس کر کے محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی، دھماکے میں بھاری بارودی مواد استعمال کیا گیا جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ایئر پورٹ کے قریب دھماکے سے متعلق خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ہسپتال حکام نے بتایا کہ دھماکے بعد جناح ہسپتال میں 3 افراد کی لاشیں لائی گئیں، جن میں سے 2 لاشیں غیر ملکیوں کی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک لاش مقامی باشندے کی ہے، جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔