معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا کی اچانک طبیعت بگڑنے کی خبر غلط نکلی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی معروف کاروباری گروپ ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین رتن ٹاٹا کی اچانک طبیعت بگڑنے کی خبر غلط نکلی۔
انہوں نے خود ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے اپنے آئی سی یو میں داخل ہونے کے دعوؤں کو افواہ قرار دیا ہے۔ آئی سی یو میں داخل ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے رتن ٹاٹا نے خود کہا، ‘میں اپنی صحت کے بارے میں حال ہی میں پھیلائی گئی افواہوں سے واقف ہوں۔ میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ دعوے بے بنیاد ہیں۔ میں اس وقت اپنی عمر اور صحت کی وجہ سے ضروری طبی معائنہ کروا رہا ہوں۔ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ مجھے اچھا لگ رہا ہے۔ میری درخواست ہے کہ غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
اس سے قبل یہ خبریں آئی تھیں کہ رتن ٹاٹا کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے داخلے کی خبر آتے ہی لوگوں نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔