"بولتے ہو تو سننے کا حوصلہ بھی پیدا کرو" ۔۔۔سینیٹر عرفان صدیقی اپوزیشن ارکان پر برس پڑے
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن )جمعہ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما اور قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے خاص طور پر "پرامن اجتماع اور امن عامہ" کے قانون کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس قانون کا بل سینیٹ میں لانے والے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عرفان صدیقی نے ذاتی وضاحت کے لیے بات کرنے کی کوشش کی لیکن اجلاس کی صدارت کرنے والے سینیٹر منظور کاکڑ نے فلور پی ٹی آئی کے ارکان کو دے دیا۔
جب عرفان صدیقی کو مائیک دیا گیا تو فوراً ہی پی ٹی آئی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر عرفان صدیقی بولے "گھنٹوں بولتے رہتے ہو تو سننے کا حوصلہ بھی پیدا کرو۔ کیا یہی ہے وہ 'رائے کی آزادی' جس کا ہر وقت وعظ کرتے رہتے ہو۔"
گنتی کرانے پر کورم پورا نہ نکلا جس پر صدر نشین نے اجلاس پیر شام 5بجے تک ملتوی کر دیا۔
پی ٹی آئی ارکان جب ہاؤس سے باہر جا رہے تھے تو عرفان صدیقی نے کہا "مبارک ہو۔"