ملک کا اندرونی دفاع ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے:وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے- وزیراعلی مریم نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور یاد گار شہداء پر حاضری کے بعد خصوصی طورپر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے لیے بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے - یوم دفاع پر مجھے شہداء کی یاد گار پر آنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملا-شہداء کی فیملیز سے ملاقات کرنے کا موقع ملا اور اس باوقار تقریب میں شامل ہونے کا موقع ملا-قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ بیرونی دفاع میں افواج پاکستان ایک بہت اچھا کام کررہی ہیں -افواج پاکستان جاگتی ہیں تو ہم سکون سے سوتے ہیں، ہمارے بارڈرز، فرنٹیرز اور سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں -ملک کا اندرونی دفاع ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے-شہداء ہمارے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، ان کی عزت کی حفاظت، ان کی قربانی کا احترام ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے- شہداء کی ماؤں کو خصوصا خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔یہ ایک ایسا جذبہ ہے کہ ہم اسے سوچنا چاہئیں تو اس جذبے کی عظمت کا احاطہ نہیں کرسکتے-ایک ماں اس بات کو سمجھ سکتی ہے کہ اس کا بچہ گھر سے باہر جاتا ہے، ماں انتظار میں ہوتی ہے اسکی خیریت کے لیے دعا کرتی ہے، جب بچہ آتا ہے تو ماں سکون کی نیند سوتی ہے- میں سمجھتی ہوں کہ یہ جذبہ بھی ایک ناقابل تسخیرجذبہ ہے جب ماں اپنے بچے کو میدان جنگ میں ملک کی حفاظت کے لیے بھیجتی ہے- ماں جانتی ہے کہ وہ اسے کہاں بھیج رہی ہے اور اس کے ساتھ کیا ہوسکتاہے، اس کو یہ پتہ ہوتاہے کہ ایک دن اس کا جسد خاکی بھی واپس آسکتاہے-ہمارے آفیسر اور جوان بہادری سے سرحدوں پر لڑتے ہیں -
وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ افواج پاکستان جس قربانی کے نظریئے کے تحت اپنی جان کے نذرانے پیش کرتے ہیں اس جذبے کی آبیاری ماں کی گود سے ہوتی ہے- بہادری ماں کی گود سے جنم لیتی ہے، میں ان ماؤں اور والدین کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں -شہداء کے خاندانوں، بچوں اور بیویوں کو سلام پیش کرتی ہوں -شہداء اوران کی فیملیز کی قربانیوں کے سامنے میں کیا بات کروں، ہمیں اپنا آپ بہت چھوٹا لگتاہے-شہداء کی قربانیاں کسی بھی قوم کی ریڈ لائن ہوتی ہے، اسے کراس کرنا،اسے توڑنا،کسی بھی محب وطن انسان کو زیب نہیں دیتا-
وزیراعلی مریم نوازنے اپنی گفتگو کے اختتام پر دعا کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا-پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پرسلامی پیش کی -وزیراعلی مریم نواز نے شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا -وزیراعلیٰ نے شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی اور شہداء کے بچوں سے اظہار شفقت کیا-