اسرائیلی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کو پاک، اسرائیل تعلقات کیلئے موزوں ترین شخصیت قرار دیدیا
یروشلم ( مانیٹرنگ ڈیسک )اہم اسرائیلی اخبار "ٹائمز آف اسرائیل" نے بانی پی ٹی آئی کو پاک اسرائیل تعلقات کے لیے موزوں ترین شخصیت قرار دے دیا ہے۔
"جیو نیوز " کے مطابق اسرائیلی اخبار نےلکھا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل اور پاکستان کے تعلقات کی موجود نوعیت کو بدل سکتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی مدتِ اقتدار میں خارجہ تعلقات میں عملی نقطہ نظر کو اپنایا گیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی گولڈ سمتھ فیملی سے رشتہ داری ، خاص طور سے جمائما سے ازدواجی تعلق ایک حقیقت ہے ۔ اسرائیل اور اتحادیوں کو یقینی بنانا چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کیلیے آزاد ہوں ۔ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے بارے میں پاکستان کے مؤقف پر نظر ثانی کیلیے زیادہ کھلے ہو سکتے ہیں ۔
ٹائمز آف اسرائیل نے یہ بھی لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مدت اقتدار میں خارجہ تعلقات میں عملی نقطۂ نظر کو اپنایا گیا ۔
اسرائیلی اخبار میں شائع کالم کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کا دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں مضبوط ترین حامی رہا ہے، جس کی جڑیں پاکستانی معاشرے اور آئین میں رچی بسی ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق بطور وزیراعظم عمران خان نے عوامی سطح پر بارہا فلسطین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صیہونی ریاست کے پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر آنے کے نظریے کی مخالفت کی اور کہا کہ جب تک فلسطین کا معاملہ حل نہیں ہوتا تو اس وقت تک پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔