فتنہ پارٹی نے انتشار کی کوشش کی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی: عظمیٰ بخاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ (ن )عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلاؤگھیراؤ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ پچھلے ایک مہینے سے جلسہ جلسہ کا راگ الاپ رہے ہیں، ان کے پاس جلسے کے لیے فنڈز ہیں نہ بندے اور نہ ہی کوئی سہولت کاری ہے، ہمیں معلوم ہے جلسے، جلوس اور دھرنے ان کا کاروبار ہیں، دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں تبدیل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف آپ لوگوں نے جلسے میں جو زہر اگلنا ہے وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں، فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے، اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک کو بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے۔ عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور اپنے اصل دشمن کو پہچانیں، یہ شخص جیل سے نکلنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے، فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوؤں کی بھی فکر ہو رہی ہے، مریم نواز توشہ خانہ کے چوروں کو بھی لگام ڈالیں گی اور کچے کے ڈاکوؤں کو بھی انجام تک پہنچائیں گی۔