ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے: مریم اورنگزیب
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیروٹالرنس ہے۔
سموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور کافی حد تک سموگ سے متاثر ہورہا ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے، 3 ماہ کے دوران لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک گیا۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیم، معیشت اور صحت متاثر ہوتی ہے، سموگ لاہور میں جمع ہوتی ہے اور سردیوں میں معمولات زندگی متاثر کرتی ہے، لاہور میں سموگ کا انڈیکس ساڑھے 400 تک بھی گیا ہے، پچھلے ادوار میں سموگ کے خاتمے کیلئے کوئی احتیاطی تدبیر نہیں اپنائی گئیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وہیکل فٹنس کا کوئی پراسیس موجود نہیں تھا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر بنانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں روزانہ 1800موٹرسائیکلیں رجسٹر ہوتی ہیں، لاہور میں اس وقت 13لاکھ گاڑیاں موجود ہیں، شہری جرمانے سے بچنے کیلئے اپنی گاڑیوں کی مکمل فٹنس کا خیال رکھیں،ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیروٹالرنس ہے، لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔